لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان کوہ پیما اسد علی میمن رواں ہفتے ارجنٹائن میں واقع برف سے ڈھکی 6 ہزار 962 بلند چوٹی ایکونکاگوا سر کرکے پاکستان جھنڈا لہرانے کی کوشش کریں گے۔ اس حوالے سے نوجوان کوہ پیما اسد علی میمن نے بتایا کہ میں نے 23 اگست 2019ء کو روس کے جنوب میں جارجیا کی سرحد کے قریب ایشیا اور یورپ کو ملانے والے پہاڑی سلسلے میں برف سے ڈھکی یورپ کی سب سے اونچی 6 ہزار 642 میٹر بلند چوٹی مائونٹ البرس سرکر کے پاکستان کا جھنڈا لہرایا۔ اس سال چار جنوری کو ارجنٹائن میں واقع برف سے ڈھکی 6 ہزار 962 بلند چوٹی ایکونکاگوا سر کرنا کا ارادہ ہے، جس میں 21 دن لگ سکتے ہیں جبکہ وہاں ہوائیں چلنے کی صورت میں درجہ حرات منفی 40 تک ہوسکتا ہے۔ اسد علی میمن کا مزید کہنا تھا کہ اس مہم میں 10 لاکھروپے کے مساوی اخراجات میں سندھ حکومت کے محکمہ کھیل نے 3 لاکھ روپے کی اعانت کی ہے میں ایکونکاگوا سر کرنے کے لیے پرعزم ہوں میری قوم سے اپیل ہے کہ وہ میری کامیابی کے لیے دعا کریں۔