خضدار میں لیویز فورس کی کارروائی،بھاری مقدار میں منشیات برآمد

185

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے ضلع خضدار میں لیویز فورس نے کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی، جبکہ دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر خضدار میجر (ر) محمد الیاس کبزئی نے ہفتے کے روز چککو چیک پوسٹ پر میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں خفیہ اطلاع ملی تھی کہ منشیات کی بڑی مقدار چمن سے کراچی منتقل کی جارہی ہے۔ جس پر ضلع خضدار میں قومی شاہراہ پر واقع تمام چیک پوسٹوں انچارجوں کو الرٹ کردیا گیا۔ گزشتہ روز ایک مشکوک ٹرالر گاڑی کو چیک پوسٹ پر روک کر تلاشی لی گئی تو ٹرالر کے خفیہ خانوں میں چھپائے گئے 120 پیکٹ تقریباً ڈھائی من چرس برآمد کرلی۔ لیویز نے گاڑی قبضے میں لے لی، جبکہ دو ملزمان محمود خان اچکزئی اور نور علی خان اچکزئی کو گرفتار کرلیا۔ جن پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔ اس موقع پر اے ڈی سی خضدار عبدالقدوس اچکزئی، تحصیلدار خضدار محمد اعظم باجوئی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔