نواب شاہ (سٹی رپورٹر)ڈویژنل کمشنر شہید بینظیرآباد سید محسن علی شاہ نے گزشتہ ہفتے روزنامہ جسارت میں بلدیہ کی ناقص کارکردگی اور بلدیاتی نظام سے عوام نالاں پر نوٹس لیا، کمشنر نے ڈویژن کے تمام میونسپل و ٹائون افسران کو سختی سے ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنے علاقوں میں صفائی ستھرائی،نکاسی آب،تجاوزات کے خاتمے ،اسٹریٹ لائٹس کی بحالی کے علاوہ کتامار مہم کو مزید تیز کرنے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کارلائیں۔ انہوں نے یہ بات آج ہائی کورٹ کے احکامات پر ڈویژن میں شہری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے لوکل گورنمنٹ،ضلع کونسل،میونسپل وٹاؤن کمیٹیز کے افسران کی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سانگھڑ مرزاناصرعلی،ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد ابراراحمد جعفر،ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز کیپٹن (ر)بلال شاہد راؤ،ایڈیشنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالستار راٹھور، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو دلشاد احمد عمرانی کے علاوہ تینوں اضلاع کے ضلع کونسل کے چیف افسران، چیف میونسپل وٹاؤن افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے مزید کہا کہ تمام میونسپل وٹاؤں افسران اپنی خدمات ایمانداری سے سرانجام دیں اور اپنے دفاتر سے نکل کر عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں اور ایک مہینے کے اندر بند وخراب سولراسٹریٹ لائٹس کو بھی فعال بنائیں۔ کمشنر نے انہیں یہ بھی ہدایات دیں کہ حکومت کی جانب سے ملنے والے فنڈز کے ساتھ ساتھ اپنی آمدنی کو بڑھانے کے لیے بھی اقدام کریں اور فنڈز کا درست استعمال کرکے عوامی خدمت کے کام کئے جائیں۔کمشنر نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دیں کہ وہ اپنے اضلاع کے چھوٹے بڑے شہروں میں صفائی ستھرائی،نکاسی آب،پینے کے صاف پانی کی فراہمی،اسٹریٹ لائٹ کے فعال ہونے،سولر اسٹریٹ لائٹ کی صفائی و بحالی ،تجاوزات کے خاتمے ،کتامارمہم کے علاوہ مچھر مار اسپرے کے متعلق ہرماہ رپورٹ کمشنر آفس کو ارسال کریں تاکہ کام نہ کرنے والے میونسپل افسران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جاسکے اس کے علاوہ تینوں اضلاع میں سلاٹر ہاؤسز قائم کرنے اور موجودہ سلاٹر ہاؤسز کو فعال بنانے کے لیے کردار ادا کریں جبکہ اہم سڑکوں پر ٹریفک کی بلارکاوٹ آمد رفت کو یقینی بنانے کے لیے بس اور ٹیکسی اسٹینڈ کا بھی مناسب بندوبست کیا جائے ۔ کمشنر سید محسن علی شاہ نے ڈپٹی کمشنرز کو یہ بھی ہدایات دیں کہ شہروں کے علاوہ دیہی علاقوں میں بھی کتامار مہم کو یقینی بنانے کے لیے ضلع کونسل کی مدد سے یوسی سیکریٹریز کو پابند بنایا جائے تاکہ کتے کے کاٹنے کے واقعات کو روکا جاسکے۔ اجلاس میں تینوں اضلا ع کے ڈپٹی کمشنر ز کی جانب سے اپنے اضلاع میں صفائی ستھرائی، نکاسی آب،تجاوزات،اسٹریٹ لائٹ،مچھر مار اسپرے اور کتا مارمہم کے متعلق مجموعی صورتحال سے کمشنر کو آگاہی دی جبکہ تمام میونسپل وٹاؤن افسران نے بھی اپنے علاقوں میں عوام کو فراہم کردہ شہری سہولیات اوردرپیش مسائل کے متعلق آگاہی دی اور بتایا کہ واٹر کمیشن کی ہدایات پر شہروں کے ڈرینیج ڈسپوزل محکمہ پبلک ہیلتھ کے پاس ہونے سے نکاسی آب میں مسائل درپیش ہیں جبکہ کنٹریکٹ پر صفائی عملے کی مقرری پر پابندی ہونے کی وجہ سے شہروں میں صفائی کا کام متاثر ہورہا ہے تاہم مقامی سطح پر صفائی کا کام ٹھیکے پر دینے سے صفائی کی صورتحال جلد بہترہوگی۔