فوجی بل پرن لیگ نے جلدبازی کی ‘پارلیمانی طریقہ اختیار کیاگیا تو حمایت کرینگے‘ بلاول

139

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ میں ترامیم کے لیے پارلیمانی طریقہ اپنایا جائے گا تو حمایت کریں گے۔ وہی غلطیا ں دوہر ا رہے ہیں جو نو ٹیفکیشن کے وقت کی تھیں۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے لکھے گئے خط کا مجھے کوئی علم نہیں، انہوں نے کہا کہ کل ن لیگ کی جو ملاقات ہوئی تھی وہاں ان کی قیادت کی جانب سے ہی حکم آیا تھا کہ غیر مشروط حمایت ہوگی۔ بلاول نے کہا کہ قائد حزب اختلاف کی جانب سے حکومت کو غیر مشروط حمایت دی گئی جس سے قبل اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے، قائد حزب اختلاف کی ذمے داری ہوتی ہے کہ وہ اپوزیشن کو متحد رکھے اور ان کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پارلیمانی قواعدوضوابط کے تحت قانون سازی ہوئی تو ساتھ دیں گے۔بلاول زرداری نے کہا کہ بل پہلے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو بھیجا جائے گا جس کے بعد یہ معاملہ ایوان میں زیرِ غور آئے گا۔