نئے پاکستان میں قانون سب کیلیے برابر ہوگیا، طاہر القادری کا وزیراعظم پر طنز

64

لاہور (نمائندہ جسارت) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ عمران خان کو مبارکباد دیتا ہوں کہ ان کے نئے پاکستان میں قانون سب کیلیے برابر ہوگیا ہے۔ ایک طرف سزا یافتہ مجرم بیرون ملک جانے کیلیے آزاد ہیں، ساڑھے 5 سال گزر جانے کے باوجود 14 بے گناہوں کے کسی ایک قاتل کو سزا نہیں ملی اور دوسری طرف سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 107 بے گناہوں کو جنہیں
پولیس نے جھوٹے اور من گھڑت مقدمات میں ملوث کیا تھا انہیں سزائیں سنا دی گئیں اور ان کا آپریشن اور علاج بھی ہتھکڑیوں سے باندھ کر ساتھ ہو رہا ہے، حکومت بدلی مگر شہدائے ماڈل کے ورثا اور بے گناہ اسیران کو انصاف نہیں ملا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اسیر محمد سلطان کو اسپتال میں ہتھکڑیوں سے بیڈ کے ساتھ باندھے جانے پر اپنے شدید ردعمل میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس غیر انسانی سلوک پر دلی افسوس ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ایک گواہ دوران ٹرائل اور ایک اسیر جیل میں گردوں کے عارضے میں مبتلا ہو کر وفات پا چکا ہے۔ ان کے علاج کیلیے ضمانت کی اپیل موت کے دن تک زیر سماعت نہیں آسکی تھی، کیا یہ نیا پاکستان ہے جہاں قانون سب کیلیے برابر ہے؟ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ محمد سلطان کے ساتھ جو سلوک ہوا وہ ہر اعتبار سے شرمناک ہے۔