لاڑکانہ میں کتے اور چوہے کے کاٹنے کی ویکسین نہ ملنے کیخلاف احتجاج

129

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں کتے اور چوہے کے کاٹنے کی ویکسین نہ ملنے کیخلاف شہریوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کرکے ویکسین فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز لاڑکانہ شہر کی رہائشی عمرہ خاتون نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ میرا بیٹا ساجد ابڑو محنت مزدوری کرتا ہے، جس کی بیٹی سندھو اور بیٹے بلاول کو 8 روز قبل پاگل کتے نے کاٹا، ویکسین کے لیے کمشنر آفس میں قائم سینٹر کے چکر کاٹ کر تھک چکی ہوں تاہم ویکسین فراہم نہیں کی گئی۔ دوسری جانب مینہل آباد کے رہائشی سلیم شیخ نے اپنی چار سالہ بیٹی علیشا کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ شب چوہوں نے بیٹی کو کاٹ کر زخمی کیا، جسے ویکسین فراہم کرنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا جہاں ویکسین نہیں دی گئی، جس کے باعث بیٹی کی حالت خراب ہوتی جارہی ہے۔ خاتون عمرہ اور سلیم شیخ نے مطالبہ کیا کہ ویکسین فراہم کرکے بچوں کی زندگیوں کو بچایا جائے۔