اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز کے ذریعے اشیا اور خام مال کی ملک کے طول و عرض میں نقل و حمل مزید مؤثر بنانے کے لیے اضاخیل ڈرائی پورٹ کا قیام عمل میں لایاجارہا ہے، پاکستان ریلویز نے 12 مہینے میں 507ملین روپے کی لاگت
سے اضا خیل ڈرائی پورٹ کا یہ پروجیکٹ پایہ تکمیل کو پہنچایا، وزیراعظم عمران خان جلد اس منصوبے کا افتتاح کرینگے، 28 ایکٹر پر محیط اضاخیل ڈرائی پورٹ پر مال برداری کی نقل و حمل، لوڈنگ اور اَن لوڈنگ کی جملہ جدید سہولیات دستیاب ہونگی، یہ ڈرائی پورٹ نوشہرہ شہر سے8کلو میٹر کی دوری پر مین جی ٹی روڈ پر واقع ہے اور اسے رنگ روڈ پشاورکے ساتھ براستہ سڑک رسائی بھی حاصل ہے۔ وہ جمعرات کو اضاخیل ڈرائی پورٹ پر جاری کاموں کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کے بعد گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی لاجسٹکس کو فروغ دینے کی پالیسی کے مطابق اضاخیل ڈرائی پورٹ عوام اور تاجروں کی جملہ ضروریات کو پورا کرتے ہوئے قومی معیشت میں بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔ پورٹ کے ذریعے کراچی بندرگاہ سے فریٹ کی ملک میں نقل و حمل اور پھر اس سامان کی افغانستان کو براستہ سڑک منتقلی کی جاسکے گی۔