عمران نیب گٹھ جوڑ نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا‘ مریم اورنگزیب

94

لاہور(نمائندہ جسارت)ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران نیازی اور نیب گٹھ جوڑ نے ملک میں ترقی کرتی معیشت، کاروبار، روزگار اور گورننس کو تباہ کردیا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہا رکرتے ہوئے کیا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان بتائیں کہ انہوں نے 2018ء سے 2019ء تک کون سی سیاسی مشاورت کی؟ ان کو پتا بھی ہے کہ سیاسی مشاورت اور اتفاق رائے ہوتا کیا ہے؟ 2018ء میں کاروبار، صنعتیں اور روزگار سب چل رہا تھا برباد کرکے رکھ دیا۔ترجمان (ن)لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ایک سال میں11 ہزار ارب کا تاریخی قرض لیا اور ایک اینٹ نہیں لگائی، نوازشریف نے5 سال میں 10 ہزار ارب قرض لے کر اتنے منصوبے لگائے جن پر عمران خان آج بھی اپنے نام کی تختیاں لگا رہے ہیں۔ نوازشریف نے قرض لیا تو قوم پر لگایا، بجلی کے اندھیرے ختم کیے، قوم کو گیس کے بحران سے نجات دلائی، 11ہزار کلومیٹر سڑکیں بنائیں، ہزاروں کلومیٹر موٹرویز بنائیں اور راولپنڈی، ملتان اور لاہور میں عوام کو میٹروز کی سہولت دی۔قومی احتساب بیورو نے سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ کو آمدن سے زائد اثاثہ جات انکوائری میں نیب دفتر میں طلب کیا تھا۔ مریم اورنگزیب نے اس طلبی پر مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابھی منشیات کیس کی سیاہی حکومت کے منہ سے اتری نہیں تھی کہ اگلا انتظام شروع کر دیا گیا۔ منشیات کے جعلی کیس کے بے نقاب ہونے کے بعد نیب نیازی گٹھ جوڑ حرکت میں آگیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کو جب سیاسی مخالفین کے خلاف کچھ نہیں ملتا تو آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کا بدنام زمانہ ہتھکنڈا استعمال کیا جاتا ہے۔