آئی سی سی انڈر 19ورلڈکپ، 17سالہ اسپنر عامرعلی عزم و ہمت کی مثال

556

کراچی: سندھ کے دہی علاقے دادو سے تعلق رکھنے والے اسپنر عامرعلی آئی سی سی انڈر 19کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

رواں سال 17 جنوری سے جنوبی افریقہ میں شروع ہونےوالے ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا عزم رکھنے والےنوجوان کرکٹر کے کیرئیر کا سفرآسان نہیں،سہولیات کے فقدان  کے باوجود گرین شرٹ زیب تن کرنے کا خواب اس کٹھن سفر میں17سالہ کرکٹر کیلئےمشعل راہ بنا رہا۔

سال 2015 میں پی سی بی پیپسی انڈر16دو روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ سے اپنے کرکٹ کیرئیر کا آغازکرنے والے اسپنر عامر علی نے پہلے ہی ایونٹ میں 3 میچوں میں 19وکٹیں حاصل کرکے حریف کھلاڑیوں پر اپنی دھاک بٹھادی۔ عامر علی نے برادرز کرکٹ کلب سے اپنے کرکٹ کیرئیر کا آغاز کیا ۔

نوجوان اسپنر عامر علی کاکہنا ہےکہ نامساعد حالات کے باعث والد مزدوری اور بھائی درزی کا کام کرتے ہیں مگر والد نے جلد ہی ان کی کھیل سے لگن کو بھانپتے ہوئے انہیں مکمل توجہ کرکٹ پر دینی کی ہدایت کی تھی۔

عامر علی نے پی سی بی پیپسی انڈر 16دو روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ2016 کے 4میچوں میں 19 وکٹیں حاصل کیں۔  17سالہ اسپنر نےرواں سال قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے 4 میچوں میں 12.86کی اوسط سے  28 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلرز میں تیسرے نمبر پر تھے۔

حالیہ سیزن میں قومی انڈر 19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے 4میچوں میں 7وکٹیں حاصل کرنے والے عامر علی اس سے قبل دورہ جنوبی افریقہ میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بالر قرار پائے تھے۔ سیریز میں شامل 7میچوں میں 13وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اے سی سی انڈر 19  ایشیا کپ 2019میں عامر علی نے3میچوں میں 4وکٹیں حاصل کیں۔

عامر علی کا کہنا ہے کہنا ہے کہ ان کا تعلق ایک ایسے علاقے سے ہےجہاں کھیل کی سہولیات محدود ہیں تاہم انہوں نے حالات سے ہار ماننے کی بجائے ہمیشہ مشکلات سے لڑنا سیکھا ہے۔قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا حصہ بننا میرےلیے اعزاز کی بات ہے مگر میری خواہش ہے کہ دادو کا پہلاکرکٹر بن کر پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کروں ۔

عامر علی نےاپنے آئیڈیل کرکٹر سری لنکا کے سابق اسپنر رنگنا ہیراتھ کو قرار دیا ۔ انہوں نےکہاکہ اسپن باؤلنگ کا یہ ہنر بین الاقوامی میچوں میں ان کی  ویڈیوز دیکھ کرسیکھا ہے۔

عامرعلی نے کہا آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ، قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے کی ایک  سیڑھی ہے اور وہ اس ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔