ریٹائر ہونے کی عمر کا اطلاق آرمی چیف پرنہیں ہو گا، ترمیمی بل

454

آرمی چیف کی مدت توسیع کے معاملے پر وفاقی کابینہ سے منظور شدہ آرمی ایکٹ ترمیمی بل منظر عام پر آگیا۔

تفصیلات کے مطابق بل کو پاکستان آرمی ایکٹ ترمیمی بل 2020 کا نام دیا گیا ہے اس بل میں آرمی ایکٹ میں ایک نئے چیپٹرکا اضافہ کیا گیا ہے نئے چیپٹرکوآرمی چیف اورچیئرمین جوائنٹ چیفس کی تعیناتی کا نام دیا گیا ہے

بل میں آرمی چیف کی تعیناتی کی مدت تین سال مقررکی گئی ہے۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت پوری ہونے پرانھیں تین سال کی توسیع دی جا سکے گی، آرمی چیف کی نئی تعیناتی یا توسیع وزیراعظم کی مشاورت پرصدر کریں گے  جب کہ وزیراعظم کی ایڈوائس میں وسیع ترقومی مفاد اورہنگامی صورتحال کا تعین کیا جائے گا۔

بل کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو بھی تین سال کی توسیع دی جا سکے گی، اگر چیئرمین جوائنٹ چیفس پاک فوج سے ہوا تو بھی اسی قانون کا اطلاق ہو گا،آرمی چیف کی تعیناتی،دوبارہ تعیناتی، توسیع  عدالت میں چیلنج نہیں کی جا سکے گی۔

ترمیمی بل کے مطابق  ریٹائر ہونے کی عمر کا اطلاق آرمی چیف پرنہیں ہو گا جب کہ  چیئرمین جوائنٹ چیفس کی تعیناتی وزیراعظم کی مشاورت پر صدر کریں گے اور کسی قسم کے تنازع کی صورت بھی اسی قانون کا اطلاق جاری رہے گا۔