لاڑکانہ ،شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل کالج میں نئے طلبہ کیلیے استقبالیہ

324

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام چانڈکا میڈیکل کالج میں بیچ 48 سیشن 20-2019 ء کے طلبہ و طالبات کے لیے ون ڈی سیلیبریشن کے عنوان پر تقریب منعقد کی گئی جس میں مہمان خصوصی وائس چانسلر جامعہ بے نظیر بھٹو پروفیسر ڈاکٹر انیلا عطا الرحمن، چانڈکا میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر کے داس، ڈین میڈیسن پروفیسر حاکم علی ابڑو، وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد شیخ، ڈائریکٹر ایڈمیشن ڈاکٹر ریاض احمد شیخ، کنٹرولر امتحانات پروفیسر سیف اللہ جامڑو، یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ اور ان کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر و دیگر نے زیادہ مارکس حاصل کرکے ایڈمیشن لینے والے طلبہ و طالبات کو شیلڈز اور انعامات سے بھی نوازا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر انیلا عطا الرحمن کا کہنا تھا کہ آج میں منتخب طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں کیونکہ اس ادارے کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے رکھی جہاں سے کئی طالب علم فارغ التحصیل ہوکر میڈیکل کے شعبے میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، میری طلبہ و طالبات کے لیے یہی دعا ہے کہ وہ بھی یہاں سے فارغ التحصیل ہوکر اپنے ملک اور قوم کی خدمت کرکے اپنے والدین کا نام روشن کریں۔