وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس: فوجی قانون میں ترامیم منظور‘ اپوزیشن کی تجاویز بل میں شامل

455
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان ائر یونیورسٹی کے نئے کیمپس کے سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وفاقی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں فوجی قانون میں ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔بدھ کو وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں تینوں سروسز چیفس کی مدت ملازمت میں 3 سال توسیع کی تجویز دی گئی ۔ تینوں مسلح افواج کے سربراہان کی ریٹائرمنٹ کی حد عمر 64 سال ہوگی۔ مجوزہ بل میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کسی بھی سروس چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی ایڈوائس کر سکتے ہیں۔وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری دیں گے ۔ مجوزہ بل میں آرمی ایکٹ 1952ء کے سیکشن 172جبکہ رولز 155میں بھی ترمیم کی گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق شیریں مزاری اور فواد چودھری کی جانب سے بل کے بعض نکات پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ بل کا مسودہ منظوری کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔وزیراعظم نے اپوزیشن کی ترامیم بھی بل میں شامل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔کابینہ اجلاس میں نیب ترمیمی آرڈیننس کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اتحادی جماعتوں کے تحفظات پر وزیراعظم نے کہا کہ نیب ترمیمی بل میں اپوزیشن کی تجاویز پر بھی غور کیا جائے گا۔اس حوالے سے وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں حکومتی کمیٹی اپوزیشن سے مذاکرات کرے گی۔