کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ شدید اختلافات کے باجود سندھ حکومت کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔بدھ کو کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر بحری امور علی حیدر زیدی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہر سیاسی جماعت کو سیاست کرنے کا حق ہے تاہم اس سے شہریوں کی زندگی متاثر نہیں ہونی چاہیے۔اسد عمر نے کہا کہسندھ میں پیپلزپارٹی کی سیاست کا خاتمہ ہوگیا ہے اس لیے ایم کیوایم کو وزارتوں کی پیشکش کررہی ہے، سندھ کا بلدیاتی نظام آئین کی خلاف ورزی ہے جہاں منتخب ہوکر میئر تو بنایا جاتا ہے تاہم اسے کسی قسم کے اختیارات نہیں دیے جاتے ہیں۔بحالی کمیٹی اجلاس کے حوالے سے اسد عمر کا کہنا تھا کہ اجلاس میں کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، منصوبوں کی تکمیل میں تیزی آگئی ہے،جاری منصوبوں کے فنڈز مل چکے ہیں اور گرین لائن منصوبے کے لیے بھی وفاق نے فنڈز مہیا کردیے ہیں اور اس پر جلد کام شروع ہوگا، وفاق نے بسوں کی ذمے داری لے لی ہے، وزیر اعظم عمران خان جلد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ وزیر برائے منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی کی شدید قلت ہے، پانی کی قلت ختم کرنے کے لیے کے4 اہم منصوبہ ہے جس پر سندھ حکومت کی تکنیکی کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار ہے۔