لاہور/کراچی( نمائندگان جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم ، نائب امرا لیاقت بلوچ ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے لاہور پریس کلب کے انتخابات میں نو منتخب عہدیداران صدر محمد ارشد انصاری ، سینئر نائب صدر رائے حسنین طاہر ، نائب صدر قذافی بٹ ، سیکرٹری بابر ڈوگر ، جوائنٹ سیکرٹری حافظ فیض احمد ، خزانچی زاہد شیروانی اور گورننگ باڈی کے ارکان کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے اپنے تہنیتی بیان میں کہاکہ صحافی برادری میں جمہوری عمل کا تسلسل قابل تحسین ہے۔ نومنتخب عہدیداران صحافی برادری کے مسائل کے حل ، ملک میں جمہوریت کے استحکام اور عام آدمی کو درپیش مشکلات اور پریشانیوں کو دور کرنے کے لیے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے نو منتخب عہدیداروں کو جماعت اسلامی کا بھر پور تعاون حاصل رہے گا ۔ دریں اثناجماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن ، نائب امیر جماعت اسلامی کراچی و انچارج میڈیا سیل ڈاکٹر اسامہ رضی اور سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری نے کراچی پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب نے ہمیشہ سے صحافیوں کی فلاح و بہود اور ان کے حقوق کے تحفظ اور آزادی ٔ صحافت کے لیے جدوجہد کی ہے اور ہم اس امید اور توقع کا اظہار کرتے ہیں کہ آئندہ بھی کراچی پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران اپنی روایت کوقائم رکھتے ہوئے آزادی ٔ صحافت فلاح و بہبود کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی آزادیٔ اظہار رائے اور آزادی ٔ صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور جماعت اسلامی نے ہمیشہ سے آزادیٔ صحافت اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی ہے ۔
پریس کلب انتخابات