کراچی، رنچھوڑ لائن میں 6 منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہوگئی

155

کراچی(نمائندہ جسارت) کراچی کے علاقے ٹمبر مارکیٹ کے قریب رنچھوڑ لائن میں 6 منزلہ مخدوش عمارت زمین بوس ہوگئی۔ ٹیڑھی ہونے کی وجہ سے مخدوش عمارت کے مکینوں کو پیر کی صبح بروقت نکال لیا گیا تھا جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ عمارت کی بجلی اور گیس بھی منقطع کی جاچکی تھی۔ مخدوش عمارت 2004ء میں تعمیر ہوئی تھی جس میں 24 فلیٹ اور دکانیں تھیں۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عمارت گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) سے رپورٹ طلب کرلی۔ مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی کو معاملے کی تحقیقات کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ ایسی عمارتوں کی تعمیراتوں کا اجازت کون دیتا ہے جوگر جاتی ہیں۔ مراد علی شاہ نے غیرقانوی طور پر عمارتوں کی تعمیر میں ملوث عملے کو سزادینے کا حکم دے دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرنے والی عمارت سابق ڈی جی منظور قادر عرف کاکا کے دور میں قائم کی گئی تھی، اس وقت کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر نے اعتراضات اٹھائے تھے۔ سابق ڈی جی اور ایس بی سی اے افسران کی ملی بھگت سے عمارت کو بنایا گیا تھا، 3سال پہلے بلڈنگ کے نیچے بنے گودام میں آگ لگنے سے عمارت متاثر ہوئی تھی۔ ڈائریکٹر ایس بی سی اے صدر ٹاؤن کا کہنا ہے کہ مخدوش عمارت کو کئی بار خالی کرانے کے احکامات دیے جاچکے تھے، گودام بنانے کے لیے عمارت کے نیچے پلرز کم دیے گئے تھے، بلڈنگ 23سال پرانی ہے، تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔عمارت کے بارے میں متعلقہ حکام کی شدید کوتاہیاں بھی سامنے آگئیں، 3 سال پہلے عمارت کی بیسمنٹ میں قائم گودام میں آگ بھی لگی تھی، اداروں نے عمارت خالی کرانے کا نوٹس دیا اور سوگئے۔
کراچی/عمارت تباہ