نوابشاہ، بلدیاتی انتخابات کی غیر حتمی، ابتدائی فہرستوں کی اشاعت

129

نوابشاہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر بے نظیرآباد زاہد حسین بھٹو نے ایک اعلامیے میں بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات پر آئندہ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ضلع بے نظیر آباد کی غیر حتمی، ابتدائی انتخابی فہرستوں کی اشاعت 26 دسمبر 2019ء سے کردی گئی ہے۔ اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کی سربراہی میں عوام کی سہولت کے لیے 157 ڈسپلے سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، ووٹرز اپنے ووٹ کے اندراج اور ڈسپلے سینٹرز کی تفصیلات جاننے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کرکے حاصل کرسکتے ہیں۔ رائے دہندگان کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ غیر حتمی ابتدائی انتخابی فہرستوں کا معائنہ اپنے متعلقہ ڈسپلے سینٹرز جو کہ عوام کے متعلقہ محلے اور گاؤں میں آویزاں رہیں گی جس میں وہ اپنے اوراپنے اہلخانہ کے ووٹ کے اندراج کو اپنے شناختی کارڈ پر درج مستقبل یا موجودہ پتے پر یقینی بنائیں۔ اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ ووٹ کے اندراج ومنتقلی کے لیے فارم 15، ووٹ پر اعتراض و حذف کے لیے فارم 16 اور درستگی کوائف کے لیے فارم 17 ڈسپلے سینٹر پر جمع کروائیں۔ فارم 15،16 اور 17 جمع کروانے کے لیے اپنے ہمراہ اصل شناختی کارڈ اور اس کی فوٹو کاپی کا ہونا لازمی ہے جوکہ فارم کے ساتھ منسلک ہوگی جبکہ فارم اور دیگر ضروری معلومات ڈسپلے سینٹر انچارج، دفتر ضلعی الیکشن کمشنر، رجسٹریشن افسر بے نظیرآباد سمیت الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ سے حاصل کی جاسکتی ہے۔