ایم کیو ایم پاکستان نےحکومت گرانے کی بلاول کی پیشکش مسترد کردی

266

ایم کیو ایم پاکستان نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی حکومت گرانے کی پیشکش مسترد کردی۔

ایم کیو ایم پاکستان نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی حکومت گرانے کی پیشکش پرجواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سے اتحاد کراچی کے مفاد کی خاطر کیا وزارتوں کے لیے نہیں۔

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں لیکن حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ کسی کی خواہش پر نہیں کریں گے،ایم کیو ایم وزارتوں کے بجائے عوامی حقوق کی سیاست کررہی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ بلاول 12 سالہ دور میں ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ ایجنڈے میں شامل کریں گ،بلاول بھٹو وزارتوں کی پیشکش کے بجائے مقامی حکومتوں کا نظام بااختیار بنانے پر توجہ دیں، مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے کابل لائیں متحدہ بھرپور ساتھ دے گی۔

ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی زیادتیوں کا ازالہ چاہتی ہے تو مقامی حکومتوں کو اختیار دے، واٹر بورڈ، کے ڈی اے، بلڈنگ کنٹرول، دیگر ادارے مقامی حکومت کو دئیے جائیں۔ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق سالانہ 350 ارب روپے صوبائی حکومت کو دینے کے باوجود شہر کی تقدیر نہیں بدلی، جتنے بھی ترقیاتی منصوبے وفاق یا سندھ حکومت نے شروع کیے وہ ناکافی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ  ایم کیو ایم کی سیاست وزارتوں کے لیے نہیں، صوبے کے عوام کی فلاح کے لیے ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے ایم کیو ایم پاکستان کو پیشکش کی تھی کہ وہ تحریک انصاف سے اتحاد ختم کریں اور حکومت گرانے میں ہمارا ساتھ دیں۔