بنگلادیش ٹیم نے بھارتی دبائو میں پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیا،شاہ محمود قریشی

139

ملتان (آئی این پی)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بنگلا دیش ٹیم نے بھارتی دبائو میں پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیا۔اتوار کو ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم پاکستان آنے کو تیار تھی، لگتا ہے بھارت کے دبائو میں اس نے نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔سری لنکن کھلاڑیوں نے تاثر دیا کہ پاکستان میں ماحول سازگار تھا اور سری لنکن کرکٹرز نے سیکورٹی انتظامات کی تعریف کی تھی لیکن بنگلادیش پر شاید بھارت نے دبا ڈالا ہے۔واضح رہے کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی)نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔صدر بی سی بی کا کہنا تھا بنگلا دیش پاکستان میں ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلے گا، کوچنگ اسٹاف پاکستان میں لمبا عرصہ رہنا نہیں چاہتا۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کیلیے تیار ہیں مگر سینئر پلیئرز سے بات کرینگے، پاکستان میں سیکورٹی انتظامات پر مثبت اشارے ملے ہیں، حال ہی میں ہماری ٹیموں نے دورہ پاکستان کیا لیکن سیکورٹی پر سوالات نہیں اٹھائے گئے۔