لاہور: امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے احتساب کو ہی مذاق بنا دیا ہے۔
امیرجماعت اسلامی وسینٹر سراج الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت سرحد پر میزائل نصب کر رہا ہے اور ہمارے ادارے آپس میں دست و گریباں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی جانچنے کے لیے 15 ماہ بہت ہیں، موجودہ نظام سے نہ پاکستان ترقی کر سکتا ہے اور نہ ہی عوام، تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے احتساب کو ہی مذاق بنا دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار کھانے کی چیزوں میں 16.2 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ تمام ادارے عوام کو فتح کرنے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چند وزیروں اور مشیروں کی زندگی میں تبدیلی آئی ہے مگر عوام پس گئے ہیں، حکومت نے 70 لاکھ افراد کو غربت میں دھکیل دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا ہے کہ حکومت نے نیب کے پر کاٹنے اور دانت نکالنے کی کوشش کی ہے، اس ادارے کو تمام جماعتوں نے اپنے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا ہے، حکومت اب چلنے کے قابل نہیں رہی، مصنوعی اکثریت کے باعث اس کی کمزوری واضح ہے، لوگ ووٹ دیتے ہیں لیکن بعد میں انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔