چکوال (آن لائن) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ حکومت سے نجات کے لیے مختلف آپشنز زیر غور ہیں، ملک میں بے چینی اور افراتفری کی فضا ہے، حکمرانوں کے اقتدار میں رہنے سے مزید نقصان ہوگا۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ لیاقت باغ راولپنڈی کے جلسے نے یہ بات ثابت کردی ہے کہ پیپلز پارٹی کو ایک طے شدہ منصوبے کے تحت عوام سے دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ بے نظیر بھٹو کا خون سر چڑھ کر بولا ہے اور لیاقت باغ میں عوام کے جوش و خروش نے یہ بات پھر ثابت کردی ہے کہ بھٹو ابھی زندہ ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے، سوئی گیس نہ ہونے کے برابر ہے، بجلی کے بلوں کی ادائیگی عوام کی پہنچ سے دور ہوچکی ہے اور پورے ملک میں ایک بے چینی اور افراتفری کی فضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں موجودہ حکومت سے نجات حاصل کرنے کے لیے مختلف جمہوری آپشنز پر غور کررہی ہے۔
پرویز اشرف