کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ پاکستانی کراٹے کاز ٹیم نے ثابت کردیا پاکستان ہر شعبے بالخصوص کھیل وتفریح میں بھی کسی سے پیچھے نہیں ہے۔علی زیدی نے یورو ایشیا چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستانی کراٹے کاز ٹیم سے کے پی ٹی آفس میں ملاقات کی، ملاقات میں رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر اور مولوی محمود بھی موجود تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر علی زیدی نے کھلاڑیوں کو کامیابی پر مبارکباد دی اور نوجوانوں کی کارکردگی کو سراہا علی زیدی کی جانب سے کھلاڑیوں میں تحفے و انعامات بھی دیے گئے۔علی زیدی نے کہا کہ کھلاڑی راجہ عامر، شفقت، عمر فاروق اور کوچ راجہ آصف قوم کا فخر ہیں، 22 ممالک سے مقابلہ کرکے پاکستانی کراٹے کاز ٹیم نے ثابت کیا کہ پاکستان ہر شعبہ و تفریحی کھیل میں کسی سے پیچھے نہیں، نوجوانوں کی کوششوں و کاوشوں کی حوصلہ افزائی کرنا بے حد ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نوجوان ہی پاکستان کی مضبوط بنیاد ہے۔ وفاقی وزیر نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ ورلڈ چمپئن شپ میں تعاون کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے کہا کہ وفاقی وزیر علی زیدی کا کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے شکریہ ادا کرتے ہیں۔