ملک میں احتساب نہیں انتقام چل رہا ہے، حمزہ شہباز

74

لاہور (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ملک میں احتساب نہیں انتقام چل رہا ہے، اپوزیشن رہنما کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا، نیب کو بی آر ٹی منصوبہ کیوں نظر نہیں آرہا، اورنج لائن ٹرین چلانے کے لیے دی گئی ڈیڈ لائنوں پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ احتساب کا دہرا نظام ہے، یہ کونسا نیا پاکستان ہے ؟ آج پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے۔ ملک میں مایوسیوں کے ڈیرے اور حکومت کے بلند و بانگ دعوے ہیں، اورنج لائن نہیں چل سکی، بی آرٹی منصوبے پر ابھی تک کھڈے ہیں، آج بھوک غریب آدمی کے دروازے پر دستک دے رہی ہے، حکومت کا جی بھرا نہیںاوراب بھی گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھانے کا ارادہ ہے، یہ کیسا نیا پاکستان ہے جہاں لوگ بھوک سے مر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بتائے 14 ماہ میں کونسا منصوبہ مکمل کیا ؟ ہوائوں کا رخ بدل کر پھر مسلم لیگ (ن)کی طرف ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا ہم قائداعظم کا یوم پیدائش تو مناتے ہیں مگر ان کے فرمودات پر عمل نہیں کرتے، 25 دسمبر مناتے وقت دل میں شرمندگی ہوتی ہے، ہم قائد کے اصولوں پر عمل نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ بینظیرعظیم لیڈر تھیں، ہم سیاسی اختلاف میں محسنوں کو بھول جاتے ہیں۔
حمزہ شہباز