گوادر ،جی ڈی اے ماسٹر پلان کے خلاف کلانچی پاڑہ کے مکینوں کااحتجاج

124

گوادر (نمائندہ جسارت ) کلانچی پاڑہ گوادر کے مکینوں نے جی ڈی اے ماسٹر پلان کے خلاف ، سینیٹر میر کبیر محمد شہی اور ایم پی اے گوادر میر حمل کلمتی کے حمایت میں موٹر سائیکل ریلی نکالی ۔ ریلی کاآغاز کلانچی پاڑہ سے ہوا جو مختلف شاہرائوںکا گشت کر تے ہوئے پر یس کلب گوادر کے سامنے اختتام پز یر ہوئی۔ ریلی کے شرکا نے اپنے ہاتھوں میں مذمتی بینرز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کر تے ہوئے کلانچی پاڑہ کے مکینوںصداقت بلوچ، ایوب کلانچی، غلام بلوچ ، عبدالمجید اور بی این پی ( مینگل ) کے ضلعی جنر ل سیکرٹری ماجد سہرابی نے کہا کہ ہم سینیٹر محمد کبیر محمدشہی اور ایم پی اے گوادر میر حمل کلمتی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے سینیٹ کی سی پیک کمیٹی اور بلوچستان اسمبلی میں عوام دشمن منصوبوں کے خلاف احتجاج کر کے جرأت مندانہ مؤقف اختیار کیا اور یہاں کی مقامی آبادی کے لیے آواز بلند کی ۔ انہوں نے کہا کہ کلانچی پاڑہ کے مکین گزشتہ 34 برسوں سے یہاں پر آباد ہیں جن کی آبادی دس ہزار سے زائد ہے اور قانون کے مطابق ان کی حق ملکیت تسلیم کر نا چاہے تھی جس کے حصول کے لیے کلانچی پاڑہ کے مکینوں نے ضلعی انتظامیہ اور دیگر فورم سے رجوع کیا لیکن معاملہ سر د مہری کا شکار ہے جبکہ دوسری طرف ماسٹر پلان میں گوادرکے قد یمی آبادیوںکو بسانے کے لیے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی منصوبہ بندی تو کجا اُ نہیں بے دخل کرنے کا منصوبہ بنا یا گیاہے ۔ انہوں نے جی ڈی اے گوادرکے ڈی جی کے رویے پر سخت تنقید کر تے ہوئے کہا کہ مذکورہ افسر کا رویہ عوام دوست نہیں جی ڈی اے کی ایما پر کلانچی پاڑہ کے مکینوں کو حق ملکیت سے محروم کیاجارہاہے ۔ا نہوں نے کہا کہ گوادر ماسٹرپلان عوام دوست ہونے کے بجائے عوام دشمن منصوبہ بنا یا گیا ہے اس میں گوادر کی قدیمی آبادیوں کے لیے کوئی متبادل منصوبہ ہی شامل نہیں اور جس جگہ کلانچی پاڑہ کے مکین سکونت پذیر ہیں اس جگہ کو کمرشل بنیادوں کسی یو نیورسٹی کو دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کلانچی پاڑہ کے مکین کسی بھی صورت اپنی بے جبری بے دخلی کو قبول نہیں کریں گے اور اگر بزور طاقت کلانچی پاڑہ کے مکینوں کو بے دخل کیا گیا تو سخت احتجا ج کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ جس کسی نے بھی عوام دشمن منصوبے تیار کیے ہیں وہ گوادر ماسٹر پلان اور سی پیک کے دوست نہیں بلکہ حالات کو جان بوجھ کر خراب کرنے کے درپے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کلانچی پاڑہ کے مکینوں کی حق ملکیت تسلیم کی جائے بصورت دیگر جی ڈی اے آفس کا گھیر ائو کرنے سے گر یز نہیں کریں گے۔