راولپنڈی(خبر ایجنسیاں)پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرین بلاول زرداری نے اپنی والدہ کی 12 ویں برسی کے موقع پر کہا ہے کہ بینظیر بھٹو شہید عوام کی امید تھی جو دشمن قوتوں کو برداشت نہیں تھا جبکہ 2020 صاف وشفاف عوامی الیکشن کا سال ہوگا۔بینظیر بھٹو کی 12 ویں برسی کے موقع پر راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ اگر سیاسی یتیموں کا راج ہوگا اور عوامی راج نہیں ہوگا تو ملک نہیں چل سکتا، سیاست نہیں چل سکتی، عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکتے تو 2020 کو عوامی حکومت کا سال ہونا پڑے گا۔چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ 2020 عوامی صاف و شفاف الیکشن کا سال ہوگا، عوامی راج کا سال ہوگا، معاشی انصاف کے مطالبے کا سال ہوگا، خیبر سے کراچی تک عوام کہہ رہے ہیں کہ الوداع الوداع سیاسی یتیم الوداع، الوداع الوداع سلیکٹڈ الوداع، الودع الوداع سیاسی یتیم الوداع۔انہوں نے کہا کہ جیالو عوامی راج پاکستان پیپلز پارٹی کے بغیر نہیں ہوسکتا، اس کے لیے میرا ساتھ دو، میرا پیغام پہنچانا، معاشی انصاف اور عوامی راج کے لیے میرا ساتھ دو، میں بھٹو شہید کا پرچم اور بی بی شہید کا پیغام لے کر نکلا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں ہمارا ملک خطرے میں ہے، ہماری جمہوریت خطرے میں ہے، ہماری آزادی خطرے میں ہے، ہمارے غریب خطرے میں ہیں، ہماری دھرتی ہمیں پکار رہی ہے، ہمارے شہیدوں کا لہو ہمیں پکار رہا ہے ہم پر فرض ہے، ہم نے بچانا ہے، آپ نے پاکستان کو بچانا ہے۔بلاول نے کہا کہ ‘ہم نے مل کر شہید بینظیر بھٹو کے مشن کو مکمل کرنا ہے، آپ کی محنت سے، پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنوں کی محنت سے ہم ان سلیکٹڈ اور ان سیاسی یتیموں کو گھر بھیج کر رہیں گے اور عوامی راج قائم کریں گے۔بلاول نے کہا کہ ساتھیوں آج پھر یہ دھرتی پکار رہی ہے کہ میں خطرے میں ہوں اسی لیے میں آج اس تاریخی لیاقت باغ میں آیا ہوں، جمہوریت کا حال دیکھو پارلیمان پر تالا لگ چکا ہے، میڈیا آزاد نہیں، عدلیہ پر حملے ہورہے ہیں، اٹھارویں آئینی ترمیم پر حملے ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے سے ان کے حق چھینے جارہے ہیں جس سے وفاق ہل رہا ہے، دہشت گردوں کو ضرور شکست دی ہوگی لیکن انتہا پسندی کی آگ پورے ملک بھر میں پھیلی ہوئی ہے، خیبر پختونخوا میں قبائلی علاقوں سے لے کر پشاور تک عوام اپنے حقوق کے لیے احتجاج کررہے ہیں’حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ پنجاب کے دل لاہور میں ڈاکٹروں سے لے کر اسٹوڈنٹ، ٹریڈر سے لے کر کسانوں تک سارے احتجاج کررہے ہیں، سندھ کے عوام ناراض ہیں کہ گیس پیدا کرنے والے صوبے کو گیس سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی تاریخی پسماندگی عوام کو مایوس کر رہی ہے، معیشت کا حال دیکھو عوام کا معاشی قتل ہورہا ہے، یہ حکومت عوام کے لیے عذاب بنی ہوئی ہے، اس سرد موسم میں لاکھوں غریب لوگوں کے سر سے ان کی چھت چھینی جارہی ہے اس معاشی صورت حال میں بینظیر انکم سے 8 لاکھ افراد کو نکالاگیا یہ غریب دشمنی نہیں تو اور کیا ہے۔بلاول نے کہا کہ کوفہ کی سیاست سے مدینہ کی ریاست نہیں بن سکتی، یہ سیاسی یتیم گھبرا رہے ہیں، ان کا کٹھ پتلی راج ہل رہا ہے، سیاسی یتیم کہتے تھے کہ میاں صاحب جیل سے باہر نہیں آئے گا دیکھو وہ رہا ہوگئے، سیاسی یتیم کہتے تھے کہ زرداری باہر نہیں آئیں گے اور دیکھو زرداری باہر آیا۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی یتیموں سے ملک نہیں چل سکتا، ان سیاسی یتیموں سے تو حکومت نہیں چل رہی، ان سیاسی یتیموں سے معشیت نہیں چل رہی، ایک سال میں 10 لاکھ لوگ بے روزگار ہوئے ہیں۔سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ کسی کو احساس نہیں کہ غریب کے ساتھ کیا ہورہا ہے، جب کہ عوام کے لیے آواز بلند کرنے والوں کی آواز بند کردی جاتی ہے۔اپنے ویڈیو پیغام میں سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کسانوں اور مزدوروں کے ساتھ نا انصافی کررہی ہے، لوگوں کو 2 وقت کی روٹی کے لیے مجبور کردیا گیا ہے، کسی کو احساس نہیں کہ غریب کے ساتھ کیا ہورہا ہے، ان کو پتا نہیں کہ مہنگائی کیا ہوتی ہے، عوام کی آواز اٹھانے والوں کی بھی آواز بند کی جاتی ہے اس طرح ملک نہیں چل سکتا۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ جہاں بلاول کھڑا ہے یہ وہی جگہ ہے جہاں آمروں کے دور میں ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر بھٹو کو شہید کیا گیا، دونوں آمروں کے ساتھ قدرت نے کیا سلوک کیا؟ سلیکٹرز سے ملک نہیں چل سکتا اب بلاول بھٹو تمام مشکلوں کو عبور کرتا ہوا آگے نکلے گا، ہم بہت جلد عوام کی حکومت لائیں گے اور عوام کی مشکلیں آسان کریں گے، پہلے بھی عوام کی خدمت کی اور آج بھی اسی سوچ کے مالک ہیں۔قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما رضا ربانی نے کہا ہے کہ راولپنڈی سے دو لاشیں لی لیکن پھر بھی پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔رضا ربانی نے کہا کہ بی بی کا مشن چیئرمین بلاول زرداری کی قیات میں آگے لے کر چلیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک اور بھٹو تیار ہے تمہیں جو ظلم کرنا ہے کر لو لیکن مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
بلاول زرداری
[contact-form][contact-field label=”Name” type=”name” required=”true” /][contact-field label=”Email” type=”email” required=”true” /][contact-field label=”Website” type=”url” /][contact-field label=”Message” type=”textarea” /][/contact-form]