لاہور (نمائندہ جسارت) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بلاول زرداری اپنی ماما کی برسی ضرور منائیں مگر اپنے پاپا پر بھی برسیں، برسی پر اپنے والد سے پوچھیں ان کے دست راست رحمان ملک سانحے کے بعد بھاگ کر بلاول ہائوس کیوں گئے؟ بلاول اپنے والد سے پوچھیں کہ محترمہ کا پوسٹ مارٹم کیوں نہ کروایا گیا؟ ی جی پی آر آفس میں صوبائی وزیر ڈاکٹر مراد راس کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے ٹین ایج میں اپنے بیٹے کو کرپشن سمیت نوسر بازی کے تمام گر سکھا دیے، انہیں نیب کے سامنے لازمی پیش ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں کرائے کے جتنے لوگ اکٹھے کرلیں کوئی فائدہ نہیں ہونا، آپ کھربوں روپے غریب عوام پر لگا دیتے تو بہت اچھا ہوتا۔ پیپلز پارٹی ملک بھر سے لوگوں کو جمع کرنے کیلیے اربوں روپے خرچ کرنے کے بجائے تھر میں معصوم لوگوں کی جان بچانے پر خرچ کر دیتی تو بہتر تھا، بلاول کے پاپا نے بھی نیب میں پیش نہ ہونے سے متعلق متکبرانہ بیان دیا تھا، بلاول کو قومی احتساب بیورو کے سامنے پیش ہونا پڑے گا۔انہوںنے بلاول کو مشورہ دیا کہ جب تک آصف زرداری، پھوپھی فریال تالپور اور شرجیل میمن سمیت دیگر کرپٹ عناصر کا دست شفقت آپ کے سر پر رہے گا تب تک پنجاب، خیبرپختونخواہ اور سندھ بشمول کراچی اور حیدرآباد میں آئندہ انتخابات میں کوئی پرسان حال نہیں ہوگا۔