اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ امید تھی کہ پیپلز پارٹی کے حادثاتی چیئرمین بی بی کی برسی کے موقع کو ’’ابو بچاؤ‘‘ مہم کیلیے استعمال نہیں کریں گے، بلاول کی تقریر نے واضح کردیا کہ ان کے قدموں تلے زمین نہایت تیزی سے سرک رہی ہے، حادثاتی چیئرمین جتنا مرضی زور لگا لیں، سندھ پر قبضہ مزید برقرار نہ رکھ پائیں گے، پنجاب کی طرح سندھ بھی ’’جمہوری قزاقوں‘‘ کے چنگل سے نجات حاصل کرے گا۔ جمعے کو اپنے بیان میں انہوں نے بلاول زرداری کی تقریر پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ بلاول بی بی کے جائے شہادت پر کھڑے ہو کر اپنے والد کی سیاست کا تنقیدی جائزہ لیتے، کرپشن اور لوٹ مار کے دفاع کے علاوہ کوئی ہدف ہوتا تو بلاول آج کے دن کو خود احتسابی کیلیے استعمال کرتے۔ 5 سال تک بی بی کی روح قاتلوں کے دار پر لٹکنے کی منتظر رہی مگر بلاول کے والد ایوان صدر میں بیٹھ کر ٹھیکوں کی بولیاں لگاتے رہے۔ پیپلز پارٹی کا 5 سالہ دور اقتدار انجام کو پہنچا تو بی بی کے قاتل تو نہ ملے شرجیل میمنوں، سراج درانیوں، اور غنی مجیدوں جیسے جیب تراشوں کی ایک فوج بکھری نظر آئی۔انہوں نے کہا کہ حادثاتی چیئرمین کے ساتھ اسٹیج پر براجمان ٹولہ بھٹو کے نظریات اور سیاسی میراث کو زندہ درگور کرنے کا ذمے دار ہے۔