ملک میں احتساب نہیں انتقام ہو رہا ہے، حمزہ شہباز

91

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں احتساب نہیں انتقام ہو رہا ہے، عدالتوں کے فیصلے بول رہے ہیں کہ اپوزیشن کے لوگوں کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا، بی آر ٹی منصوبہ سب کے سامنے ہے لیکن نیب اس طرف نہیں دیکھ رہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کا دہرا نظام ہے، یہ کونسا نیا پاکستان ہے؟ آج پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے، ملک میں مایوسیوں کے ڈیرے اور حکومت کے بلند و بانگ دعوے ہیں، اورنج لائن نہیں چل سکی، بی آرٹی منصوبے پر ابھی تک کھڈے ہیں، آج بھوک غریب آدمی کے دروازے پر دستک دے رہی ہے، حکومت کا جی بھرا نہیںاوراب بھی گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھانے کا ارادہ ہے،پنجاب حکومت بتائے 14ماہ میں کونسا منصوبہ مکمل کیا؟ ان کا مزید کہنا تھا ہم قائداعظم کا یوم پیدائش تو مناتے ہیں مگر ان کے اصولوں پر عمل نہیں کرتے، 25 دسمبر مناتے وقت دل میں شرمندگی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیرعظیم لیڈر تھیں، ہم سیاسی اختلاف میں محسنوں کو بھول جاتے ہیں۔