اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے 8 لاکھ 20 ہزار 165 ایسے افراد کو خارج کر رہے ہیں جو مستحق نہیں ہیں، کابینہ اور بورڈ کی منظوری کے بعد ان افراد کو نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان کی جگہ مستحق اور نادار افراد کو شامل کیا جائے گا۔ملکی تاریخ کے تعلیمی وظائف کے سب سے بڑے پروگرام ’’احساس انڈر گریجویٹ اسکالر شپ پروجیکٹ‘‘ کا آغاز کر دیا گیا، منصوبے کے تحت 50 ہزار طلبہ کو تعلیمی وظائف دیے جائیں گے، 5 ارب روپے لاگت آئے گی۔جمعرات کو پریس کانفرنسکرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ پوری جانچ پڑتال اور ذمے داری کے ساتھ ایسے افراد کو نکالا گیا ہے جو غیر مستحق ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کے ماہانہ فون یا پی ٹی سی ایل بل ہزاروں روپے سے زاید ہیں۔ اس میں وہ لوگ بھی نکالے جا رہے ہیں جنہوں نے بیرون ملک زیادہ سفر کیے، غیر مستحق افراد کو 2011ء سے ادائیگیاں کی جا رہی تھیں۔ ان کا فرانزک آڈٹ بھی کیا جا سکتا ہے، ایسے افراد کو نکالنے سے سالانہ 16 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ کنٹرول لائن کے مکینوں کے لیے غربت کی لکیر کی حد کو ختم کر کے قومی شناختی کارڈ کی حامل تمام خواتین کو اس پروگرام میں شامل کیا جا رہا ہے جس کی منظوری کابینہ نے دے دی ہے،کنٹرول لائن پر 2 ہزارسے زاید ایسے گائوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کو یہ سہولت دی جائے گی۔ مستحقین کو 100 فیصد ادائیگی بائیو میٹرک طریقے سے کی جا رہی ہے، ملک کے 66 اضلاع میں کفالت پروگرام شروع کریں گے۔ سرکاری ملازم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا اہل نہیں ہوگا۔ وظیفے میں500 روپے اضافے کی منظوری دی ہے۔ علاوہ ازیں جمعرات کو ہائر ایجوکیشن کمیشن میں منعقدہ تقریب میں ملکی تاریخ کے سب سے بڑے تعلیمی وظائف کے پروگرام احساس انڈر گریجویٹ اسکالر شپ پروجیکٹ کا آغاز کر دیا گیاہے، پروجیکٹ کے تحت 50 ہزار طلبہ کو تعلیمی وظائف دیے جائیں گے جس پر 5 ارب روپے لاگت آئے گی، پروگرام کے تحت 50 فیصد وظائف طالبات کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ یہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اسکالر شپ پروگرام ہے۔ 50 ہزار اسکالر شپس کے لیے ایک لاکھ 30 ہزار سے زاید درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ضرورت مند طلبہ کی حتمی تعداد کے تعین کے بعد اضافی اسکالر شپس کا معاملہ متعلقہ فورم پر اٹھایا جائے گا۔ تقریب میں ملک بھر کی جامعات کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری اور چیئرمین وائس چانسلرز کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
بینظیر انکم سپورٹ