بلاول زرداری کی بی آئی ایس پی سے 8 لاکھ خواتین کونکالنے کی مذمت

105

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کی جانب سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ سے زائد مستحقین کے اخراج کی شدید مذمت، عمران خان حکومت کا فیصلہ غریب خواتین کو خودمختار بنانے کے عمل پر حملہ ہے، موجودہ حکومت کی عوام دشمن اور خواتین دشمن پالیسیوں پر عملدرآمد ہونے نہیں دیں گے، حکومت فوری طور پر فیصلہ واپس لے، ورنہ پیپلز پارٹی ہر فورم پر اس کیشدید مخالفت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران حکومتی وسائل فقط پیسے والے طبقے میں بانٹ رہے ہیں، لگتا ہے حکومت چاہتی ہے کہ ملک میں غربت اور بے روزگاری موجود رہے۔ بلاول زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ایک کروڑ نوکریاں دینے اور 50 لاکھ گھر بنانے والے اپنے انتخابی منشور سے پہلے ہی یوٹرن لے چکی۔ انہوں نے کہاکہ بینظیر انکم سپورٹ ان خواتین کیلیے لائف لائن ہے جو اپنے بچوں کی خاطر فاقہ کشی کرنے پر مجبور ہوتی ہیں۔ بلاول زرداری نے کہا کہ غریبوں کے گزر بسر اور پاکستان کے واحد سوشل سیفٹی نیٹ پر حملے سے تحریک انصاف کی سفاکی عیاں ہے۔ حکومت کا ہر وہ رکن جو اس معاملے پر خاموش ہے غریبوں کے معاشی قتل عام کے جرم میں برابر کا مجرم ہوگا۔
بلاول مذمت