لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں ورکس اینڈ سروس محکمے کے ملازمین نے آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن یونٹ ورکس اینڈ سروس کی کال پر قلم چھوڑ ہڑتال کرکے بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ایپکا یونٹ صدر مبین خان برڑو، محمد بخش کنبھر، نذیر احمد اہیر، منظور علی میرانی، غلام سرور شیخ، نذیر احمد چنا و دیگر کا کہنا تھا کہ سیکرٹری ورکس اینڈ سروس کی جانب سے بلاوجہ سینئر کلرک سعید احمد میمن، ہیڈ کلرک محمد فاروق کھوکھر اور ہیڈ ڈرافٹس مین عبدالکریم سیٹھار کا تبادلہ کرکے انہیں ضلع بدر کیا گیا ہے، جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ اور محکمہ ورکس اینڈ سروس کے صوبائی وزیر سے اپیل کی کہ کلرکوں کے تبادلے منسوخ کیے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔