اسلام آباد(صباح نیوز+اے پی پی)سعودی وزیرخارجہ کی وزیراعظم عمران خان اور وزیر خار جہ شاہ محمود سے ملاقاتیں‘ کشمیر پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق۔ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے وزیراعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کیں جن میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیالکیا گیا۔سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود ایک روزہ دورہ پر وفد کے ساتھ پاکستان پہنچے جہاں انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔سعودی وزیرخارجہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے معاملات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جب کہ کشمیر سمیت اہم علاقائی امور پر باہمی مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کے وزارت خارجہ پہنچنے پر پرتپاک انداز میں خیرمقدم کیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔ وزارت خارجہ میں وفود کی سطح پر ہونے والی دوران ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے معاملات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے اور دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کثیرالجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی حمایت پر سعودی وزیر خارجہ اور سعودی عرب کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے وزیراعظم آفس میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور سیکرٹری خارجہ اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر سمیت اہم علاقائی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیاجبکہ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ کے ساتھ ان کا وفد بھی موجود رہا۔ سعودی سفیر نواف المالکی بھی موجود تھے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود اور اراکین وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے،ظہرانے کے بعد وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب کو الوداع کیا۔علاوہ ازیںجمعرات کو پاکستان کے ایک روزہ دورے کے اختتام پر اپنے ایک ٹوئٹ میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا کہ مجھے اپنے پاکستانی بھائی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کر کے نہایت خوشی ہوئی، ملاقات کے دوران مفید اور تعمیری امور زیر بحث لائے گئے، ہم نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور نئے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سعودی وزیر ملاقات