کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیرریلوے شیخ رشید احمدنے کہاہے کہ ہوسکتا ہے کہ مارچ تک بھارت سرحد پر کشیدگی کرے۔ ہم سب کو ہر وقت تیار رہنا چاہیے۔ وزیر اعظم نے خاص طور پر کہا ہے کہ قانونی معاملات کو نہ چھیڑا جائے، بلاول زرداری گھیرے میں ہیں، وہ بھی مریم نواز کی طرح منی لانڈرنگ میں ملوث نکلیں گے، آصف زرداری چاہتے ہیں کہ بلاول کو کلین چٹ ملے، آرمی چیف کی ایکسٹینشن پر کوئی مسئلہ نہیں ہے، عدلیہ آزاد ہے، پرویزمشرف کے فیصلے کو لیگل ٹیم دیکھ رہی ہے، اداروں کے درمیان کوئی تصادم نہیں ہے، وزیر اعظم عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔ جمعرات کو کراچی ائرپورٹ پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشیدنے کہاکہ بلاول ہمارے شہر میں آرہے ہیں، کارکنوں سمیت سب کو ویلکم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی قبول ہوگا، ملک میں عدالتیں آزاد ہیں۔ اداروں میں کسی قسم کا تصادم نہیں۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کوئی مسئلہ نہیں، آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے جو بھی طریقہ کار ہوگا اپنا لیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے خاص طور پر کہا ہے قانونی معاملات کو نہ چھیڑا جائے، وزیر اعظم عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔بھارت کے حالات کے حوالے سے وفاقی وزیرریلوے نے کہاکہ بھارت کا مسلمان انقلاب کے لیے نکل آیا ہے، مودی سرکار کے لیے یہ سب کچھ برداشت سے باہر ہوگا۔ ہوسکتا ہے کہ مارچ تک بھارت سرحد پر کشیدگی کرے۔ ہم سب کو ہر وقت تیار رہنا چاہیے۔ شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری اسپتال میں بیٹھ کر بلاول کو کلین چٹ دلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اللہ پاک بلاول زرداری کو ہدایت دے۔ بلاول گھیرے میں ہیں ،وہ بھی مریم نواز کی طرح منی لانڈرنگ میں ملوث نکلیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ایک سے ڈیڑھ ماہ سیاست کے لیے بہت اہم ہے، ایک سے ڈیڑھ ماہ کے دوران عمران خان حالات پر قابو پالیں گے۔