پاکستان کو آئی ایم ایف سے 45 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط موصول

151

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی طرف سے 45 کروڑ ڈالر (تقریباً 69 ارب روپے) کی دوسری قسط موصول ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے کی طرف سے پہلی 99 کروڑ ڈالر (تقریباً ایک کھرب 50 ارب روپے) کی قسط ملنے کے بعد دوسری قسط بھی 45 کروڑ ڈالر (تقریباً 69 ارب روپے) کی موصول ہو گئی، تحریک انصاف کی حکومت نے ایک سال کے مذاکرات کے بعد آئی ایم ایف کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا اور مذاکرات کے بعد چھ ارب ڈالر کا بیل آؤٹ پیکج حاصل کیا تھا۔ 45 کروڑ ڈالر کی قسط موصول ہونے کے بعد ملکی زر مبادلہ کے ذخائر 17 ارب 59 کروڑ ڈالر ہو گئے ہیں، اسٹیٹ بینک کے ذخائر 10 ارب 90 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں جبکہ دیگر بینکوں کے ذخائر 6 ارب 69 کروڑ ڈالر ہیں۔ عالمی مالیاتی ادارے نے حکومت پاکستان سے وعدوں کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کو توانائی کے شعبہ میں لائن لاسز میں کمی لانا ہوگی۔ بجلی کے ریٹ کی ایڈجسٹمنٹ بروقت کرنا ہو گی، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ 2023ء تک گردشی قرضے میں اضافہ صفر کرنے کا پلان تیار کیا گیا ہے، 2 پاور پلانٹس کی نجکاری جون تک مکمل کی جائے گی۔