پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سے بینظیر انکم سپورٹ سے متعلق فیصلہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے کی جانب سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ سے زائد افراد کے نام خارج کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فوری طور پر فیصلہ واپس لے ورنہ پیپلز پارٹی ہر فورم پر اس کی شدید مخالفت کرے گی، پیپلز پارٹی موجودہ حکومت کی عوام دشمن اور خواتین دشمن پالیسیوں پرعمل درآمد ہونے نہیں دے گی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ان خواتین کے لیے لائف لائن ہے جو اپنے بچوں کی خاطر فاقہ کشی کرنے پر مجبور ہوتی ہیں،حکومت کا ہر وہ ممبر جو اس معاملے پر خاموش ہے وہ غریبوں کے معاشی قتل کے جرم میں برابر کا مجرم ہوگا۔