نوابشاہ (نمائندہ جسارت) انڈس رینجرز کے زیر اہتمام جناح کا پاکستان ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں رینجرز، ضلعی انتظامیہ اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی شرکا نے قائد اعظم کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے144یوم پیدائش پر انڈس رینجرز کی جانب سے جناح کا پاکستان ریلی انعقاد کیا گیا، جس میں برگیڈیئرانڈس رینجرز محمد رمضان، کمشنر سید محسن علی شاہ، ایس ایس پی تنویر حسین تینو، اے سی طارق علی سولنگی سمیت حکام بالا اور سول سوسائٹی نے شرکت کی۔ ریلی رینجرز میس سے شروع ہوئی اور مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی جہاں پر ریلی کے شرکا پر شہریوں نے پھول کی پتیاں نچھاور کیں۔ ریلی کے شرکا نے اپنے ہاتھوں میں پاکستان کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے جو پاکستان زندہ باد، قائد اعظم زندہ باد، پاک افواج زندہ باد کے نعرے لگارہے تھے۔ ریلی میں پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے جنرل سیکرٹری عدنان قریشی، خالد وحید، سید ظہیر شاہ، شکیل ملک سمیت بڑی تعداد میں شہریوں کے ساتھ معصوم بچوں نے بھی شرکت کی اور پاکستانی جھنڈے لہرا کر اپنی عقیدت کا اظہار کرتے رہے اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلگ شگاف نعرے لگاتے رہے۔