سکھر (نمائندہ جسارت) تجاوزات کیخلاف دوبارہ آپریشن شروع، پولیس اور ایریگیشن حکام ہیوی مشینری لیے دریا کنارے پہنچ گئے، مکینوں کی جانب سے مزاحمت کا خدشہ، مریم کالونی کے مکینوں کا احتجاج، سکھر میں انتظامیہ کی جانب سے کچھ دنوں کے وقفے کے بعد ایک بار پھر دریائے سندھ اور اس سے نکلنے والی نہروں پر قائم تجاوزات کیخلاف عدالتی حکم پر دوبارہ آپریشن کا آغاز کردیا ہے اور محکمہ انہار کے حکام پولیس کی بھاری جمعیت کے ہمراہ ہیوی مشینری لیے دریائے سندھ کے کنارے زیرو پوائنٹ کے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے آپریشن شروع کیا تو وہاں پر قائم سیکڑوں گھروں کے مکین گھروں سے باہر نکل آئے۔ انہوں نے محکمہ انہار کے حکام سے گھر نہ گرائے جانے کی منتیں کیں لیکن ان کی کوششیں بار آور ثابت نہیں ہوسکیں اور انتظامیہ نے ہیوی مشینری سے کئی گھر گرا دیے۔ جائے وقوعہ پر متاثرین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جن میں آپریشن پر اشتعال پھیل رہا ہے جس کی وجہ سے مزاحمت کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب سے کچہ بند کے علاقے مریم کالونی کی مسیح برادری کے مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے محکمہ آبپاشی اور سکھر انتظامیہ کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہم کئی سال سے یہاں آباد ہیں۔ ہمیں بغیر کسی وجہ، متبادل جگہ اور سہولیات کے بے گھر کیا جا رہا ہے جو انتہائی افسوسناک اور ظلم ہے۔