لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔
لاہورہائیکورٹ نے رانا ثنااللہ کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا اور جسٹس چودھری مشتاق احمد نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔
عدالت میں دائر کردہ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایف آئی آر میں 21 کلو ہیروئن لکھا گیا جبکہ بعد میں اس کا وزن 15 کلو ظاہر کیا گیا، فرد جرم عائد نہیں ہوئی لہذا ضمانت دی جائے۔
یاد رہے رانا ثنا اللہ 15 جولائی کو گرفتار ہوئے اور 16 جولائی کو اے این ایف نے انہیں ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا۔ اے این ایف نے لیگی رہنما کی پہلی پیشی پر ہی جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی جس پر عدالت نے 16 جولائی کو رانا ثنا اللہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
رانا ثنا اللہ کے خلاف اے این ایف حکام نے 23 جولائی کو ٹرائل کورٹ میں چالان جمع کرایا، 9 نومبر کو رانا ثناء اللہ کی ضمانت کی درخواست لاہور کی ٹرائل کورٹ نے مسترد کی، 3 اکتوبر کو لاہور ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی گئی جو 4 اکتوبر کو واپس لے لی گئی، دسمبر کے پہلے ہفتے میں دوبارہ درخواست ضمانت دائر کی گئی جس پر 23 دسمبر کو دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا گیا۔