حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) نوجوان اتحاد کے چیئرمین شیراز شورو نے پرویز مشرف کو پھانسی کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ہیرو کو مجرم کے طور پیش کرنا افسوسناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب کے باہر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نوجوان اتحاد کی جانب سے پیر کو خصوصی عدالت کی جانب سے پرویز مشرف کو غدار قرار دے کر پھانسی کی سزا دیے جانے کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرے میں شرکا نے پرویز مشرف کے حق میں نعرے بھی مارے۔ اپنے خطاب میں شیراز شورو کا کہنا تھا کہ قومی ہیرو کو پھانسی دینے کے فیصلے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں جس نے پاکستان کے دفاع کے لیے اپنا کردار پیش کیا ہوا اسے قومی مجرم کے طورپر پیش کرنا نہایت افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ مشرف حمایت تحریک کا باقاعدہ آغاز کیا ہے، ہم نوجوان مل کر اس عظیم ہیرو کو خراج تحسین پیش کریں گے جس نے تین جنگیں لڑ کر پاکستان کے دفاع میں بھرپور کردار ادا کیا ہو ایسے قومی ہیرو کو پھانسی دینا انتہائی شرمناک عمل ہوگا۔ اس موقع پر مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اس فیصلے پر فوری نظرثانی کی جائے اور سزا دینے والے جج کیخلاف فوری ریفرنس دائر کیا جائے، ہم نے مل کر ملک کے ان دفاعی اداروں کے لیے کردار ادا کرنا ہے اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر ملک کے دفاع کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
حیدرآباد/نوجوان اتحاد