ٹنڈو آدم،لاڑکانہ ،سکھر منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی ،کئی گرفتار ،نوجوان کی گلا کٹی نعش برآمد

129

سکھر، ٹنڈو آدم، لاڑکانہ (نمائندگان جسارت) روہڑی کے نواحی علاقے میں جھاڑیوں سے نوجوان کی گلا کٹی لاش برآمد، پٹنی پولیس کے مطابق لاش تھانہ پٹنی کی حدود اروڑ لنک روڈ کے قریب جھاڑیوں سے ملی، نوجوان کو بہیمانہ تشدد کے بعد بڑی بے دردی سے گلا کاٹ کر تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا۔ مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ اسپتال منتقل کردیا گیا، تفتیش جاری ہے، مقتول کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ سکھر پولیس کا جرائم پیشہ افراد کیخلاف کریک ڈاؤن، تھانہ دادلو پولیس نے دوران ناکہ بندی اطلاع پر علاقے میں کارروائی میں پولیس مقابلوں سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب ملزم امام الدین سہتو کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں نے پولیس پارٹی کی کامیاب کارروائی پر شاباشی کا پیغام دیا ہے۔ ناجائز اسلحہ رکھنے کا جرم ثابت ہونے پر عدالت کی جانب سے ملزم کو پانچ سال سزا، ایک لاکھ روپے جرمانہ۔ ایڈیشنل سیشن جج ٹنڈو آدم قاضی عبدالحکیم کی عدالت نے ناجائز اسلحہ رکھنے کا جرم ثابت ہونے پر ملزم غلام نبی ڈیرو ولد خمیسو ڈیرو کو پانچ سال کی سزا اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم دیا ہے۔ علاوہ ازیں ملزم نے ڈیڑھ سال قبل گاؤں طارق عزیز ڈیرو میں اپنی والدہ مسمات خانزادی کو پستول کے فائر کر کے قتل کردیا تھا۔ قتل کے مقدمے میں دونوں فریقین کی جانب سے رضا مندی کے باعث ختم ہوگیا تھا جبکہ ملزم کو ناجائز اسلحہ رکھنے کے جرم میں ملزم ضمانت پر تھاکہ عدالت کی جانب سے فیصلہ آنے کے بعد ملزم کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا گیا۔ ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات فروش سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات اور ایرانی تیل برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے ہیں۔ رتو ڈیرو پولیس نے ایرانی تیل اسمگلروں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان نذیر، ظفراللہ، بشیر، بقا محمد اور رحیم کو 2750 لیٹر ڈیزل سمیت اور پانچ ٹرکوں کو اپنی تحویل میں لے کر مقدمہ درج کرلیا۔ مارکیٹ پولیس نے چند روز قبل دکان سے چوری ہونے والی نقدی ڈھائی لاکھ روپے برآمد کرکے ملوث ملزم ذاکر بگٹی کو، رحمت پور پولیس نے مبینہ پولیس مقابلے میں ملزم امین بھٹی کو رائفل سمیت، ولید پولیس نے بدنامہ زمانہ منشیات فروش نادر مکلول کو چرس سمیت، سول لائن پولیس نے دوران چیکنگ ملزم خادم ہلیو کو ہیروئن سمیت جبکہ اللہ آباد پولیس نے اشتہاری ملزم شکیل ابڑو کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کیخلاف ایسے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔