پشاور(جسارت نیوز)ضلع بنوں میں منعقدہ ڈپٹی کمشنر اسپورٹس گالا کے سلسلے میں ہاکی کا ایونٹ باچا خان ہاکی کلب نے جیت لیا ،فائنل میچ کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر بنوں عطا الرحمن تھے ‘اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بنوں شوذب عباس،ریجنل اسپورٹس آفیسر امیر زاہد شاہ، اسپورٹس ایڈمنسٹریٹر احسان اللہ خان،ڈی ایچ اے بنوں کے سیکرٹری نعیم خان،عبدالحفیظ قریشی،ملک رفاقت علی،نجیب خان سمیت کثیر تعداد میں تماشائی بھی قاضی محب ہاکی اسٹیڈیم میں موجود تھے ‘فائنل میچ میں باچاخان ہاکی کلب نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد قاضی محب ہاکی کلب کو ایک کے مقابلے میں2 گول سے ہراکر ٹرافی اپنے نام کرلی ۔باچا خان کلب کی جانب سے خیر اللہ اور جمیل بوستان نے گول کئے جبکہ قاضی محب ہاکی کلب کی جانب سے سمیع اللہ سمیع نے گول کیا ۔میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر بنوں عطا الرحمن نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی بنوں کی پہچان ہے اور قاضی محب،سعید خان اوربریگیڈیئر حمیدی سمیت بہت سے کھلاڑیوں نے نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ عالمی سطح پر بنوں کا اور ملک کا نام روشن کیا ،ہاکی کی تاریخ بنوں کے بغیر ادھوری ہے اور ہاکی میں بنوں کو کھویا ہوا مقام واپس دلانے کیلئے ضلعی انتظامیہ ہاکی کھیل کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کریگی اور عنقریب ہاکی کا بڑا ٹورنامنٹ منعقد کریں گے ‘بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ونر ٹرافی اور نقد انعام دینے سمیت رنر اپ ٹیم اور دیگر کھلاڑیوں میں ٹرافی اور نقد انعامات تقسیم کئے۔