شاہ محمود قریشی کی سعودی ہم منصب سے مقبوضہ کشمیر پر بات چیت

244

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی گزشتہ دنوں سعودی عرب آمد پر سعودی وزير خارجہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ سے ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت گزشتہ 4 ماہ سے 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کا مکمل محاصرہ کیے ہوئے ہے جبکہ بھارتی حکومت نے دنیا کو حقائق سے بے خبر رکھنے کے لیے ذرائع ابلاغ اور مواصلات پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے، ساتھ ہی مظلوم کشمیریوں کے لیے بنیادی انسانی حقوق بھی معطل رکھے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم باشندے بھارتی ظلم و ستم سے نجات حاصل کرنے کے لیے عالمی برادری بالخصوص مسلم امہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ دونوں وزرائے خارجہ کا مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور خطے میں امن و استحکام کے لیے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی وزارت خارجہ میں وزٹر بک میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔