پرویز مشرف کیخلاف فیصلے سے ہماری جگ ہنسائی ہوئی ہے‘ راجا بشارت

84

لاہور (نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجا بشارت نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل پرویز مشرف کے خلاف فیصلے سے ملکی و غیر ملکی سطح پر ہماری جگ ہنسائی ہوئی ہے،حالیہ فیصلے نے کئی قانونی سوال کھڑے کر دیے ہیں اور اگر فیصلے میں موجود قانونی سقم دور نہ کیے گئے تو مستقبل میں کسی کے بھی خلاف ایسے فیصلے آ سکتے ہیں۔ان خیالات کاظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر
رہی ہے لیکن اپوزیشن کا رویہ انتہائی افسوسناک ہے،اپوزیشن نے جلاس کے بائیکاٹ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔وزیر قانون نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے حوالے سے بھی اپوزیشن کا دعویٰ غلط تھا کیونکہ شہباز شریف نے قومی اسمبلی کی پی اے سی سے استعفا دے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں عوامی مفاد کے اہم قانونی بل پاس کیے ہیں۔میں نے پی آئی سی واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ وزیر اعلیٰ کو پیش کر دی ہے، امید ہے کہ ذمے داروں کے خلاف لازمی ایکشن ہو گا۔