کراچی(اسٹاف ر پورٹر) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے(آج)منگل کو نیب میں پیش ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمت ہے تو مجھے گرفتار کرکے دکھائیں،میںپکڑا گیا تو حکومت کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہوں گا۔کراچی میں پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ24 دسمبر(آج ) منگل کو نیب نے مجھے طلب کیا ہے، سب جانتے ہیں کہ ہم 27 دسمبر کو کیا کرتے ہیں،ہم پہلے دباؤ میں آئے نہ اب آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں نیب کے سامنے پیش ہوا، تمام سوالات کے جواب دیے، تمام دستاویزات بھی سب کے سامنے ہیں۔انہوں نے
الزام عاید کیا کہ ہمیں شہید بینظیر بھٹو کی برسی منانے کے لیے اجازت بھی نہیں دی جا رہی اور ریل گاڑی کی بکنگ کے حوالے سے روکا جا رہا ہے، آمرانہ طرز عمل سے حکومت چلائی جا رہی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جو کچھ ایک سال میں ہوا، سب کے سامنے ہے، عوام کے مسائل حل نہیں کیے جا رہے، ہر سیاسی جماعت اور کارکن کی کردار کشی کی جا رہی ہے، سیاسی رہنماؤں کے خلاف مقدمات بنائے جاتے ہیں، ہمیں سیاست کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ بلاول زرداری نے کہا کہ یہ کیسا احتساب ہے؟ صرف اور صرف اپوزیشن کا ہدف بنایا جا رہا ہے، اپوزیشن کی سیاست میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں، وزیراعظم کے خلاف نیب کے مقدمات زیر التوا ہیں، کیا کسی ایک خیبر پختونخوا کے وزیر کو نیب کا نوٹس ملا؟ لیکن جو حکومت کے خلاف بولتا ہے، اس کے خلاف مقدمات بنائے جاتے ہیں۔