بے نظیر بھٹو شہید ٹینس چیمپئن شپ ، مزمل مرتضی نے ٹائٹل جیت لیا

147

اسلام آباد (جسارت نیوز) پانچویں بے نظیر بھٹو شہید نیشنل ٹینس چیمپئن شپ میں مزمل مرتضی نے مردوں کا ٹائٹل اور لیڈیز کا ماہین آفتاب نے اپنے نام کرلیا۔ بوائز انڈر-18 کا ایونٹ محمد شعیب نے جیت لیا جبکہ مردوں کے ڈبلز ایونٹ میں اعصام الحق قریشی اور عقیل خان نے کامیابی حاصل کی۔ چیمپئین کی اختتامی تقریب کے موقع پر سینیٹر فرحت اللہ بابر مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر سینیٹر تاج حیدر، پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) گل رحمان، اسلام ٹینس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عارف قریشی، سابق کوچ ڈیوس کپ فضل سبحان اورا سپیشل اولمپک پاکستان کی ڈائریکٹر شمائلہ ارم کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ چیمپین شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ گذشتہ روز اسلام آباد ٹینس کمپلیکس میں کھیلے گئے مینز سنگلز کے فائنل میں مزمل مرتضی نے عقیل خان کو 0-2 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ مزمل مرتضی نے عقیل خان دونوں سیٹوں میں 6-1 اور (8) 6-7 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ لیڈیز سنگلز کیفائنل میں ماہین آفتاب نے سارہ محبوب کو 0-2 سیشکست دے کر چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا ، ماہین آفتاب نے پہلے سیٹ میں 4-6 سے کامیابی حاصل کی اور اسی طرح دوسرے سیٹ میں بھی ماہین آفتاب نے سارہ محبوب کو (3)6-7 سے ہرادیا۔ یہ میچ ڈھائی گھنٹے تک جاری رہا۔ بوائز انڈر-18 کے فائنل محمد شعیب نے حاشیش کمار کو 0-2 سے جیت لیا، محمد شعیب نے دونوں سیٹوں میں 4-6 اور 4-6 سے حشیش کمار کو شکست دے کر انڈر-18 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے ڈیڑھ سو سے زائد مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔