نارووال سٹی پروجیکٹ‘تحقیقات کیلیے احسن اقبال آج طلب

96

راولپنڈی (آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو آج(پیرکو)طلب کر لیا ہے۔نیب نارووال میں قائم نیشنل اسپورٹس سٹی پروجیکٹ کی تعمیر میں قواعد و ضوابط کی مبینہ خلاف ورزی کی تحقیقات کر رہا ہے۔نیب نے احسن اقبال کے خلاف بدعنوانی کے اہم شواہدحاصل ہونے کا دعویٰ کیا ہے، سابق وزیر داخلہ کو آج صبح 11 بجے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔44 ایکڑ زمین پر قائم پروجیکٹ کا افتتاح سابق صدر ممنون حسین نے کیا تھا۔ اس پر 6
ارب روپے لاگت آئی تھی۔نیب کے حکام نے کہا تھا کہ یہ اسپورٹس کمپلیکس جس جگہ قائم کیا گیا وہ بھارتی سرحد سے صرف 800 میٹر دور ہے جس سے اس جگہ کی سیکورٹی کو خطرہ لاحق رہے گا۔ چیئرمین نیب نے ڈی جی راولپنڈی کو ہدایت کی تھی کہ وہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے سابق ڈائرکٹر جنرل اختر نواز گنجیرہ کے بارے میں بھی تحقیقات کرے۔ان پر الزام تھا کہ انہیں اس وقت پورٹس سٹی کا پروجیکٹ ڈائرکٹر مقرر کیا گیا تھا جب وہ اسپورٹس بورڈ کے ڈی جی کے عہدے پر کام کر رہے تھے۔