لاہور(نمائندہ جسارت)وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو سے نواز شریف تک ملک کے تمام سیاست دان جی ایچ کیو اور مارشل لا کی پیداوار ہیں۔ ملک کے تمام سیاستدان جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 سے نکلے ہیں، تاریخ پڑھی جائے کہ ذوالفقار علی بھٹو کو بھٹو کس نے بنایا، ان کی اہلیہ نصرت بھٹو نے کیا کچھ کیا۔ عمران خان کے آنے تک پاک فوج کافی بدل گئی ہے کیونکہ اب گیٹ نمبر 4 نہیں رہا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف غدار نہیں، محب وطن ہیں، سنگین غداری کیس کے تفصیلی فیصلے کا پیرا66 غیر آئینی،غیر سنجیدہ اور غیر قانونی فیصلہ ہے، یہ جوڈیشل مارشل لا کے مترادف ہے، عدلیہ پاکستان اور فوج کا اہم ستون ہے یہ نہیں ٹکرائیں گے، نئے چیف جسٹس گلزار احمد کی آمد سے ملک آگے بڑھے گا۔شیخ رشید نے کہا کہ کرپشن غداری کے مترادف ہے، بدقسمتی سے اس ملک میں جو آیا اس نے مال بنایا، خورشید شاہ کے126 اکاوَنٹس نکلے اور انہیں ضمانت مل گئی، پیپلزپارٹی سارے کیسز سندھ منتقل کرانا چاہتی ہے، آصف زرداری کی کرپشن میں بلاول بھی شامل ہیں، ڈیڑھ ارب روپے کی ٹرانزیکشن میں بلاول زرداری کے دستخط موجود ہیں بلاول نے پلی بارگینگ نہ کی تو وہ بھی مریم نواز کی طرح ملکی سیاست سے مائنس ہوجائیں گے۔ پنجاب میں پیپلزپارٹی کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ شہبازشریف وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے والے کھلاڑی ہیں، شہباز شریف پرویز مشرف کے خلاف نہیں بولے اور وہ ہی نواز شریف کو لندن لے کر گئے، شہبازشریف کے لیے اچھی خبر آنے والی ہے وہ انجوائے کررہے ہیں، شریف برادران لندن میں نئے سال کا آغاز کریں گے، شہباز شریف نیا ہیٹ اور کوٹ پہنیں گے۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ عمران خان کی کوشش ہے کہ ملک میں احتساب ہو، شاہد خاقان عباسی کے کیس میں گواہی کے سلسلے میں وزیر ریلوے نے کہاکہ میں نے عدالت میں رٹ دائر کی تھی لیکن کہا گیا کہ نیب میں معاملہ داخل کیاجائے جس کو نیب میں لے کر گیا لیکن اس کے بعد نیب سے کوئی رابطہ نہیں ہوا اور نیب نے میری گواہی سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔ شیخ رشید نے کہا کہ ایم ایل ون کا شایان شان طریقے سے اجرا کریں گے کہ دنیا یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ 4 نئی ٹرینیں چلانے کے ساتھ نجی شعبے کو 4 ٹرینوں کی پیشکش کی ہے جبکہ ریٹ کو پرائیویٹ کیا جائے گا ۔
شیخ رشید