نوابشاہ ، بدین میں وزرا کی کھلی کچہریاں پی پی رہنمائوں اور افسران کیخلاف شکایات کے انبار

156

بدین/نواب شاہ( نمائندہ جسارت/بیورو رپورٹ)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کی ہدایت پر سندھ کے وزراء کی کھلی کچہریاں‘ عوام نے شکایات کے انبار لگادیے‘کئی شکایات پر موقع پر حل کرنے کے احکامات‘ شہریوں کی بڑی تعداد نے کھلی کچہری میں شرکت کی‘ وزراء کی عوام کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی‘ بعض مقامات پر مخصوص ا فرادکو بولنے کی اجازت دینے کی شکایات ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی خصوصی ہدایات پر عوامی مسائل سن کر اور انہیں فوری حل کرنے کے لیے صوبائی وزیر بلدیات و فاریسٹ سید ناصر حسین شاہ نے ڈپٹی کمشنرآفس نواب شاہ کے احاطے میں کھلی کچہری میں عوام کے مسائل سنے اور انہیں فوری حل کرنے کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر سید ناصرحسین شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کے ویژن کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے صوبے سندھ کے ہر ضلع میں آج عوام کے مسائل سننے اور انہیں حل کرنے کے لیے صوبائی حکومت کے وزرا و مشیر کھلی کچہریاں منعقد کرکے ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کچہری میں عوام نے اپنے اپنے علاقوں میں نکاسی اب ،صفائی ستھرائی،گلیوں کی تعمیر ومرمت،تعلیم، صحت،بجلی کے بلوں،ریونیو،پولیس ،بلدیات ،آبپاشی ،ترقیاتی کاموں اور دیگر جو مسائل پیش کیے ہیں اور درخواستیں دی ہیں انہیں جلد ازجلد حل کیا جائے گا جبکہ نوکریاں میرٹ کی بنیاد پر دی جائیں گی اس موقع پر مراد بلوچ نے صوبائی وزیر کو کہا کہ اولڈ نوابشاہ میں کھیلوں کے گراؤنڈ موجود نہیں ہیں اس سلسلے میں اولڈ نوابشاہ میں صحت مند سرگرمیوں کے حوالے سے دو پلے گراؤنڈس بناکر دیے جائیں جس پر صوبائی وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ اولڈ نوابشاہ کے علاقے میںجلد ایک پلے گراؤنڈ تعمیر کرایا جائے گا اس موقع پر ایک شخص نے صوبائی وزیر کو شکایت کی کہ ہماری یوسی میں لگے ہوئے آرآو پلانٹس بند کردیے گئے ہیں جبکہ النور شگر مل میں سے نکلنے والا گندہ کیمیکل نہر میں چھوڑا جارہا ہے جس کے سبب لوگوں میں پیٹ کی بیماریاں و دیگر امراض بڑھ رہے ہیں جس پر صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد کو ہدایت دی کہ وہ بند کیے گئے آراو پلانٹس کا دورہ کریں اور النور شگر مل سے نکلنے والے گندے پانی کو نہر میں چھوڑنے سے النور شگر مل انتظامیہ کو روکا جائے۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی غلام قادر چانڈیو،سیکرٹری بلدیات زاہد حسین خیمتیو، چیئرمین ضلع کونسل سردار جام تماچی انڑ، ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد ابراراحمد جعفر، ایس ایس پی شہید بینظیرآباد تنویر حسین تنیو، پ پ پ ضلع صدر علی اکبر جمالی، ڈائریکٹر اطلاعات شفیق حسین میمن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنید حمید سموں، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن میر نادرعلی ابڑو، چیئرمین میونسپل کمیٹی محمد عظیم مغل کے علاوہ ضلع وتعلقہ افسران،ٹاؤن ویوسی چیئرمینز ،مقامی صحافیوں ، سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ادھر بدین میں صوبائی وزیر اقلیتی امور اور خوراک ہری رام کشوری نے بدین میں کھلی کچہری لگائی اس موقع پرعوام نے تجاوزات کے نام پر غریبوں کو بے دخل کرنے پانی کی قلت رشوت شفارش سیاسی مداخلت اراکین اسمبلی اور بااثر شخصیات کا زمینوں پلاٹوں اور قبرستانوں پر قبضوں کی شکایات کے انبارلگادیے ۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور اور خوراک ہری رام کشوری نے بدین سرکٹ ہاؤس میں لگائی جانے والی کھلی کچہری میں شکایات سنیں اور ان کے حل کے لیے احکامات جاری کیے شہریوں آبادگاروں اقلیتی برادری اور جیالوں نے صوبائی وزیر ہری رام کے ہمراہ ارکین اسمبلی حاجی تاج محمد ملاح میراللہ بخش تالپور پیپلزپارٹی کے ضلع صدر حاجی رمضان چانڈیو جنرل سیکٹریری حاجی سائیں بخش جمالی وائس چیئرمین ضلع کونسل حاجی اللہ ڈنو چانڈیو پارٹی عہدیدران محمد نواز چانڈیو فدا مندرو مرتضیٰ جمالی امیرو کھوسو اور دیگر کی موجودگی میں عام شہریوں کے علاوہ جیالوں اور اقلیتی برادری کے افراد نے تمام سرکاری محکموں میں کھلے عام رشوت سفارش سیاسی مداخلت بے روزگاری غربت کے علاوہ اراکین اسمبلی پر قبضوں نزرانداز کرنے عوام اور کارکنوں سے زیادتیوں کی شکایات کی ۔ ایک شہری نے کہا جب تک ڈاکٹر زوالفقار مرزا پیپلزپارٹی میں تھے تو کام ہوتے تھے اس لیے ووٹ بھی اس کو دیا مرزا کے بعد کوئی پوچھتا ہی نہیں،پیپلزپارٹی تلہار کے صدر اور کونسلر غلام حیدر جتوئی نے اپنے ہی ٹاؤن چیئرمین میر شاہد پر نزدانداز کرنے اور انتقامی کاروایوں کی شکایت کی ایک اور جیالے نے حلقہ کے ایم پی اے میرے اللہ بخش پر غریبوں کے پلاٹوں اور زمینوں پر قبضہ اور زیادتی کی شکایت کی، پیپلزیوتھ کے کارکن غلام جونیجو نے کہا ضلع کا چیئرمین اور اراکین اسمبلی کسی سے ملنے کو تیار نہیں مخلص کارکنوں کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے‘ آبادگار رہنما حاجی محمد نواز میمن نے پانی کی قلت اور تاخیر سے ملنے کی شکایت کے علاوہ دریاے سندھ کے ڈیلٹا میں سندھ ڈیم کی تعمیر کو زراعت دشمن منصوبہ قرار دیتے ہوئے اس کی تعمیر کو روکنے کی اپیل کی ٹنڈوباگو ملکانی شریف شادی لارج اور دیگر ٹیل کے علاقوں کے آبادگاروں نے نہری پانی کی قلت پانی کی چوری کی شکایت کرتے ہوئے پانی چوری میں ملوث بااثر شخصیات سیڈا اور ایرکیشن کے آفسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا بدین کے شہریوں کی جانب سے محکمہ پبلک ہیلتھ میں کریپشن ناہلی اور غفلت کی شکایت کرتے ہوئے کہا ڈرینج سسٹم تباہ ہو چکا ہے جس کے باعث شہر کے اکثر علاقے اور روڈ گندے پانی کی زد میں ہیں۔ مختلف علاقوں کی نہروں کے دونوں جانب آباد شہریوں نے تجاوزات کی آڑ میں غریب شہریوں کے گھر دوکان گرا کر بے دخل کرنے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے آپریشن کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا متاثرین نے کہا غریب کی چھت اور روزگار چھینا جا رہا ہے جو ظلم کی انتہا ہے متاثرین دلبرداشتہ ہو کر خودکشیاں کر رہے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ہری رام نے کہا وہ بلاول زرداری کی ہدایت پر عوام کے مسائل اور مشکلات سے آگاہی اور ان کے حل کے لیے یہاں آیا ہوں پیپلزپارٹی عوام کی اپنی پارٹی ہے عوام کے حقوق روزگار علاقہ کی تعمیروترقی عوامی خوشحالی اس کا منشور ہے جس پر ہمیشہ عملی کام کیا ہے جو مسلہ اور مسائل یہاں کے حل ہونے کے ہیں اس کے لیے ڈی سی بدین ایس پی بدین محکمہ ایرکیشن صحت بلدیات پبلک ہیلتھ سمیت تمام اداروں کے ذمے دران کو حکامات جاری کر دیے ہیں تجاوزات کے خلاف آپریشن سپریم کورٹ کے حکم پر ہو رہا ہے ججز خود اس کی نگرانی کر رہے ہیں پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول نے سندھ حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ سپریم کورٹ سے رجوع کریں اور متاثرین کو ہر ممکن ریلیف اور مدد کے اقدام کیے جائیں کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو صوبائی وزیر ہر رام نے کہا پیپلزپارٹی اور بلاول اقلیتی برادری کو ہر شعبہ میں اولیت اور ہمیت دے رہے ہیں ان کو پارلمنٹ سمیت ہر سطح پر نمائندگی دی ہے ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے مندر گرجا گھروں کے علاوہ دیگر عبادت گاہوں کی تعمیر کے لیے سندھ حکومت عملی اقدام کر رہی ہے سندھ میں اقلیتی برادری کے 25 سو طلبا اور طالبات کو اسکالر شپ دی گئی ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔