رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع

358

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی گئی۔

سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ کی مدت پوری ہونے پر لاہور کی انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج شاکر حسین کے روبرو پیش کیا گیا۔

لیگی رہنما کی جانب سے فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

 وکلاء کی ہڑتال کے باعث رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی گئی ہے جبکہ انسداد منشیات فورس کے حکام کو رانا ثناء اللہ کو 4 جنوری 2020 کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے رانا ثناءاللہ کو 2 جولائی 2019 کو فیصل آباد سے لاہور جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا اور اے این ایف کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ رانا ثناء کی گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی۔