جسٹس گلزار احمد نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھالیا

1126

اسلام آباد:جسٹس گلزار احمد نے پاکستان کے 27ویں چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حلف برداری کی تقریب کا انعقاد ہوا ، جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس گلزار احمد سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔

ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم عمران خان تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزرا، صوبائی گورنرز سمیت سپریم کورٹ کے موجودہ اور سابق ججز، سینئر وکلا اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

جسٹس گلزار احمد 16 نومبر 2011 سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ یکم فروری 2022کو مستعفی ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ جسٹس گلزار احمد نے ن لیگی رہنما طلال چودھری کی نااہلی سمیت بہت سے اہم کیسز کا فیصلہ کرنے والے بینچ کا بھی حصہ رہے ہیں۔

جسٹس گلزار احمد پاناما بینچ کا حصہ رہے جبکہ کراچی میں چائنا کٹنگ اور قبضہ مافیا کے خلاف فیصلہ دیا۔ اس فیصلے کی روشنی میں 500 سے زائد غیر قانونی عمارتوں کو مسمار بھی کیا گیا۔