پرویز مشرف سے متعلق فیصلے پر بہت دکھ ہوا ہے، جہانگیر ترین

103

لودھراں (آن لائن) تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ پرویز مشرف سے متعلق سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کے فیصلے پر بہت دکھ ہوا ہے، ہائیکورٹ کے جج صاحبان نے کبھی بھی اپنے فیصلوں میں ایسے الفاظ استعمال نہیں کیے ہوںگے، اچھا ہوتا کہ عوام کے گلے کاٹنے والے دہشت گردوں کے خلاف ایسے الفاظ استعمال کیے جاتے۔ رہنما پاکستان تحریک انصاف جہانگیر ترین نے لودھراں کے علاقے راجہ پور میں اراضی ریکارڈ سینٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کی توسیع کے حوالے سے قانونی مشاورت ہورہی ہے مجھے یقین ہے کہ آرمی چیف کی توسیع میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ پرویز مشرف کو واپس لانے کے سوال پر جہانگیر ترین نے کہا کہ معاملے پر مشاورت ہوگی دیکھتے ہیں کیا ہوگا۔انہو ں نے کہا کہ صوبہ بنانے کا وعدہ کیا ہے جس کے لیے کوشاں ہیں جب تک پاکستانی کاٹن نہیں اٹھائیں گے تب تک ڈیوٹی فری کاٹن امپورٹ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سوئی گیس کے پریشر کی کمی کا مسئلہ لودھراں نہیں پورے پاکستان کا ہے۔جہانگیر ترین نے کہا کہ خصوصی عدالت کے فیصلے پر بڑا دکھ ہوا ہے، فیصلے سے مسئلہ بنا ہوا ہے لیکن ہم نہیں چاہتے کہ ریاست کے اداروں میں ٹکرائو یا کشیدگی ہو۔
جہانگیر ترین